جمعرات, فروری 13, 2025

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف وفد سے ملاقات

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایک وفد نے مشن چیف نیتھن پورٹر کی سربراہی میں وزارتِ خزانہ کا دورہ کیا اور وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ مملکت علی پرویز ملک، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر اور وزارتِ خزانہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

آئی ایم ایف کا یہ مشن گزشتہ روز پاکستان پہنچا ہے اور 15 نومبر تک قیام کرے گا۔ وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق، وفد کو پاکستان کی معاشی کارکردگی اور موجودہ مالیاتی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی، جس میں پہلی سہ ماہی کے دوران ہونے والی معاشی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے لیے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے، جس میں ممکنہ منی بجٹ کی تجاویز، ٹیکس ریونیو میں بہتری کے اقدامات، اور تاجر دوست اسکیموں پر غور شامل ہے۔ اس کے علاوہ، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور مالیاتی استحکام کے لیے مختلف اقدامات کو بھی زیر بحث لایا جائے گا تاکہ آئی ایم ایف کے تعاون سے معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

آئی ایم ایف مشن کا یہ دورہ اہم تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ پاکستان کی مالیاتی پالیسیوں اور اقتصادی اصلاحات کا جائزہ لے گا۔ اس ملاقات میں پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی جائے گی کہ معاشی استحکام اور ترقی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب