برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ برطانیہ پاکستان کی معیشت کو 2 ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کے لیے شراکت داری کرنے کے لیے تیار ہے۔ وہ اسلام آباد میں لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے خطاب کر رہی تھیں۔
جین میریٹ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ دنیا بھر میں فنانشل، بزنس اور ٹریڈ سروسز کا اہم ترین فراہم کنندہ ہے اور وہ پاکستان کی معیشت کو 2 ٹریلین ڈالر تک لے جانے میں مکمل شراکت داری کے لیے تیار ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی نوجوان آبادی کو ایک اہم اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ اگر پاکستان اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا رہا تو یہ ملک کی معیشت کو 2 ٹریلین ڈالر کی سطح تک لے جا سکتا ہے۔ جین میریٹ نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو “سکے کے دو رخ” قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹرٹیجک پارٹنرشپ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان موجودہ باہمی تجارت 4.4 ارب پاؤنڈ تک پہنچ چکی ہے اور ہمارا مقصد اسے آئندہ برسوں میں 10 ارب پاؤنڈ تک بڑھانا ہے۔
جین میریٹ نے پاکستان کی معیشت کی ترقی میں برطانیہ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ صحت، تعلیم، انجینئرنگ اور توانائی کے شعبوں میں مکمل تعاون کر رہا ہے۔ وہ ریکوڈک جیسے بڑے منصوبوں میں بھی شریک ہیں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے شراکت داری کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ، جین میریٹ نے پاکستان میں 45 ملین ڈالر کے ایک پروگرام کے ذریعے میکرو اکنامک ترقی پر کام کرنے کی بھی بات کی۔ برطانیہ پاور سیکٹر میں کلین اور گرین انرجی کے لیے اصلاحات اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کو بھی آگے بڑھا رہا ہے۔
آخر میں، جین میریٹ نے کانفرنس کے منتظم اظفر احسن کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے دنیا بھر کے ماہرین اور رہنماؤں کو ایک جگہ جمع کیا تاکہ پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے مثبت مکالمہ ممکن ہو سکے۔