پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے نیا ملی نغمہ “یلغار ہے” جاری کیا ہے، جو قوم کے جذبہ حب الوطنی، مسلح افواج کی قربانیوں اور اتحاد و استقامت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ نغمہ حسنین علی پراچہ کی آواز میں گایا گیا ہے اور ہر اس جوان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہے جو سرحدوں پر، میدان جنگ میں یا پس پردہ دشمن کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے۔
نغمے کی ویڈیو میں فوجی آپریشنز، قومی پرچم، شہداء کی تصاویر اور عوامی یکجہتی کے مناظر کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، “یلغار ہے” صرف ایک نغمہ نہیں بلکہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے، جس میں ہر سپاہی کے عزم اور قربانی کو سراہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارت کی جانب سے پاکستان پر بلااشتعال حملوں کے نتیجے میں 50 سے زائد پاکستانی شہری اور فوجی شہید ہوئے۔ پاکستان نے اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 6 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے، دشمن کے میزائل ڈیفنس سسٹم کو نقصان پہنچایا اور متعدد بھارتی ڈرونز تباہ کیے۔ پاکستان نے “آپریشن بنیان مرسوس” کے نام سے ایک اہم دفاعی کارروائی میں بھارت کے اندر کئی اہم اہداف کو نشانہ بنایا۔