پیر, مئی 19, 2025

ہیٹ ویو کی نئی لہر! محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے شہریوں کو خبردار کردیا

اسلام آباد:پاکستان بھر میں اس سال کی پہلی شدید ہیٹ ویو کا آغاز ہو چکا ہے جس پر محکمہ موسمیات نے ملک گیر انتباہ جاری کرتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 15 سے 20 مئی کے دوران ملک کے بیشتر علاقے شدید گرم اور خشک ہواؤں کے زیر اثر رہیں گے، جس سے درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کئی اضلاع غیر معمولی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جب کہ بالائی اور وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔

شمالی علاقوں میں بڑھتی گرمی سے گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے، جس سے ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 19 اور 20 مئی کو مغربی ہواؤں کے ایک نئے سلسلے کی پیشگوئی بھی کی ہے، جو بعض بالائی علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری لا سکتا ہے۔

قومی ادارہ صحت اور محکمہ موسمیات نے بزرگ افراد، بچوں، حاملہ خواتین اور کھلی فضا میں کام کرنے والوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ دن کے وقت غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، دھوپ میں سر کو ڈھانپ کر رکھیں، ہلکے کپڑے پہنیں اور پانی کا استعمال بڑھائیں۔

پنجاب میں پی ڈی ایم اے نے تمام انتظامی افسران کو ہیٹ ویو سے نمٹنے کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اسکول، صحت، ٹرانسپورٹ اور بلدیاتی اداروں کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ پینے کے پانی کی دستیابی اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات یقینی بنائی جا سکیں۔

کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فصلوں اور مویشیوں کی دیکھ بھال کے لیے موسم کے مطابق حکمت عملی اپنائیں۔ ہیٹ اسٹروک کی علامات جیسے چکر آنا، متلی، شدید پیاس یا بے ہوشی کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ میں بھی خصوصی ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا ہے، جہاں دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، نوشہروفیروز اور دیگر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ کراچی میں ہیٹ ویو کا براہ راست خطرہ نہیں تاہم شہر میں گرم و مرطوب موسم کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب