حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رابطہ کیا ہے۔ اسپیکر آفس کے ذرائع کے مطابق اس گفتگو کے دوران پی ٹی آئی نے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا تیسرا اجلاس بلانے کی درخواست کی۔ سردار ایاز صادق نے اجلاس بلانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں حکومت اور اپوزیشن سے مشاورت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سردار ایاز صادق آج حکومت اور اپوزیشن جماعتوں سے اس معاملے پر مشاورت کریں گے تاکہ اجلاس کے لیے متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی نے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں کمیٹی کے پانچ اراکین، جن میں علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا اور علامہ راجہ ناصر عباس شامل تھے، نے پارٹی سربراہ سے موجودہ سیاسی صورت حال اور مذاکراتی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
اس سے پہلے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں بانیٔ پی ٹی آئی سے علیحدہ ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں حکومتی اور اپوزیشن مذاکرات کے حوالے سے اہم نکات پر مشاورت کی گئی۔
پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کا اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ اور اجلاس بلانے کی درخواست حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی سنجیدہ کوششوں کا حصہ ہے۔