جمعرات, جون 5, 2025

بھارت آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں حملہ کر سکتا ہے، عطا تارڑ کا انتباہ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خبردار کیا ہے کہ بھارت پہلگام واقعے کو جواز بنا کر آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق بھارت بے بنیاد اور خودساختہ الزامات کی بنیاد پر جارحیت کا ارادہ رکھتا ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی ممکنہ جارحیت کا فیصلہ کن جواب دے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بھارت کے اس رویے کو مسترد کرتا ہے، جس میں وہ خود کو مدعی، منصف اور جلاد کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ پاکستان خود دو دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار ہے اور ہر سطح پر دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

عطا تارڑ نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے فوجی کارروائی کی تو اس کے نتائج کی مکمل ذمہ داری اسی پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے ایسے اقدامات کرنا افسوسناک ہے اور پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کے بعد ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر رویہ اپنایا اور آزادانہ و غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے تصادم اور غیر معقولیت کا راستہ چنا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے آزادانہ تحقیقات سے گریز اس کے اصل عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت دیگر اقدامات کے جواب میں پاکستان نے بھی بھرپور ردعمل دیا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب