پاکستان بھر میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں بیشتر علاقے شدید موسم کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال بدھ اور جمعرات تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس سے شہریوں کی زندگی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 11 اور 12 جون کے دوران بالائی و وسطی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب جنوبی پنجاب، بالائی و وسطی سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زائد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شہری صبح 11 بجے سے شام 4 بجے کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔ عوام کو زیادہ پانی اور نمکیات کے استعمال کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک، لو لگنے اور پانی کی کمی جیسے مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔
میدانی علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، جو صورتِ حال کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہیں۔ پنجاب کے اضلاع جیسے لاہور، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد اور سرگودھا میں درجہ حرارت 46 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی ہے۔
ملتان میں 46 ڈگری درجہ حرارت کے ساتھ نمی کا تناسب 56 فیصد، ڈیرہ غازی خان میں 46 ڈگری کے ساتھ نمی 42 فیصد، اور سرگودھا میں 47 ڈگری اور نمی 52 فیصد تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لاہور اور فیصل آباد میں بھی گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ رہے گی۔
محکمہ موسمیات اور طبی ماہرین نے خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ مزدوروں اور دھوپ میں کام کرنے والے افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سایہ دار جگہوں پر قیام کریں اور پانی کی وافر مقدار استعمال کریں تاکہ شدید گرمی کے منفی اثرات سے بچا جا سکے۔