اتوار, جون 15, 2025

بھارت کی جنگی مہم جوئی کا پردہ فاش، پاکستانی وفد نے دنیا کو اصل صورتحال بتائی، شیری رحمان

پاکستانی سینیٹر اور سفارتی وفد کی سینئر رکن شیری رحمان نے کہا ہے کہ بھارت کے سرکاری میڈیا نے جنگی ماحول کو جان بوجھ کر ہوا دی، جبکہ پاکستان نے دنیا کے سامنے ایک حقیقت پسند اور پرامن مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے یہ بات اسکائی نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہی۔

شیری رحمان نے واضح کیا کہ پاکستانی وفد کے حالیہ دورے — جس میں واشنگٹن، نیویارک، لندن اور اب برسلز شامل ہیں — کا مقصد عالمی برادری کو جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے سنجیدہ مؤقف سے آگاہ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ بات چیت اور سفارتی راستوں کو ترجیح دی ہے، اور ہم کسی تصادم کے خواہاں نہیں۔ تاہم، بدقسمتی سے پاکستان کو ایک غیر ضروری اور بلااشتعال حملے کا سامنا کرنا پڑا، جس کا کوئی جواز نہ تھا۔

انہوں نے پلوامہ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اس حملے کو بہانہ بنا کر پاکستان پر الزامات عائد کیے، حالانکہ آج تک اس حوالے سے کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آیا۔ پاکستان نے واقعے کی نہ صرف مذمت کی بلکہ افسوس کا بھی اظہار کیا، مگر اس کے باوجود بھارت نے اشتعال انگیز بیانیہ اپنایا۔

بھارتی میڈیا کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ مین اسٹریم بھارتی میڈیا نے قوم پرستی کے جذبات بھڑکانے کے لیے جان بوجھ کر غلط معلومات پھیلائیں۔ یہاں تک کہ پاکستانی بندرگاہوں پر قبضے اور پاکستان کے نقشے کو مٹانے جیسے من گھڑت دعوے بھی سامنے لائے گئے۔

آخر میں انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کا مؤقف امن، استحکام اور خطے میں مکالمے پر مبنی ہے اور اسے کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب