جمعرات, جون 5, 2025

پہلگام واقعے کے بعد ملک بھر کے ایئرپورٹس پر سیکیورٹی ہائی الرٹ، غیرملکی پروازوں کی نگرانی سخت

پہلگام میں حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت تمام بڑے اور چھوٹے ایئرپورٹس پر اضافی سیکیورٹی اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، بھارتی فضائی حدود سے گزرنے والی تمام غیرملکی ایئرلائنز کی پروازوں پر سخت نگرانی شروع کر دی گئی ہے۔ اگرچہ بھارتی ایئر لائنز کی پاکستان آمد و رفت پر پہلے سے ہی پابندی عائد ہے، تاہم دیگر بین الاقوامی پروازوں کی نگرانی میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ ملک کے تمام ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشکوک طیاروں کو بغیر “ایئر ڈیفنس نمبر” کے کلیئرنس نہ دی جائے۔

ایئر ٹریفک کنٹرول عملے کو یہ بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ پری ڈیپارچر مرحلے پر ہر غیرملکی طیارے کے کپتان سے ایئر ڈیفنس نمبر کی باقاعدہ تصدیق کریں۔

مزید برآں، ایئرپورٹس پر کام کرنے والے تمام اداروں کے افسران و ملازمین کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ہر وقت اپنا شناختی کارڈ اور متعلقہ ادارے کا کارڈ پاس ساتھ رکھیں۔ بغیر شناخت کے کسی بھی اہلکار کو ایئرپورٹ میں داخلے یا حرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پولیس، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن بڑھانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ حکومت نے تمام سیکیورٹی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ موجودہ حالات کے تناظر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

یہ اقدامات نہ صرف ممکنہ خطرات کے تدارک کے لیے کیے جا رہے ہیں بلکہ شہریوں اور ہوائی سفر کرنے والوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب