جمعرات, جون 5, 2025

بھارتی فوجی آپس میں الجھ پڑے، مقبوضہ کشمیر میں دو یونٹس کے درمیان فائرنگ، پانچ سکھ فوجی ہلاک

پہلگام میں حالیہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی فوج میں پیدا ہونے والی بے چینی نے ایک سنگین صورت اختیار کر لی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب بھارتی فوج کی دو یونٹس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 5 سکھ فوجی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یہ افسوسناک واقعہ 25 اور 26 اپریل کی درمیانی شب جاپالہ بریج، بارہ مولہ سیکٹر میں پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق بارہ مولہ میں تعینات 185 بی ایس ایف نے 12 بریگیڈ کی 13 سکھ لائٹ انفنٹری رجمنٹ پر اس وقت فائرنگ کر دی جب وہ معمول کی گشت پر تھے۔ اس غیر معمولی جھڑپ نے نہ صرف بھارتی فوج کی اندرونی بد نظمی کو بے نقاب کیا بلکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ وہاں یونٹس کے درمیان ہم آہنگی کا شدید فقدان ہے۔

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق اس واقعے کو بھارتی فوج میں بڑھتی ہوئی بد اعتمادی اور اندرونی تناؤ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب بھارتی افواج نے آپس میں ایسی کشیدگی کا مظاہرہ کیا ہو، بلکہ ماضی میں بھی کئی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں فوجی یونٹس نے غلط فہمی یا بد اعتمادی کی بنیاد پر ایک دوسرے کو نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق 13 سکھ لائٹ انفنٹری کے اہلکاروں میں اس واقعے کے بعد شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور اندرونی ردعمل کے امکانات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ دفاعی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی افواج کی اس قسم کی انتشار انگیزی نہ صرف داخلی خطرات کو جنم دے سکتی ہے بلکہ سرحدی کشیدگی کو بھی ہوا دے سکتی ہے۔

پاکستانی دفاعی اداروں نے اس صورت حال پر گہری نظر رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب