جمعرات, جون 5, 2025

حج کے مقدس قوانین توڑنے والوں کے لیے سعودی عرب کا سخت فیصلہ! بھاری جرمانے اور سزائیں

اسلام آباد:سعودی وزارت داخلہ نے حج کے مقدس موقع پر قوانین کی خلاف ورزیوں کے سدباب کے لیے سخت سزاؤں اور بھاری جرمانوں کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ ہدایات کے مطابق، بغیر اجازت حج کرنے یا کوشش کرنے پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اسی طرح، اگر کوئی شخص وزٹ ویزے پر مکہ مکرمہ یا دیگر مقدس مقامات میں داخل ہوگا تو اسے بھی 20 ہزار ریال کا جرمانہ بھرنا پڑے گا۔

وزارت کے مطابق، اگر کوئی وزٹ ویزا ہولڈر کو مخصوص حج زونز میں داخل ہونے میں مدد فراہم کرے یا ٹرانسپورٹ مہیا کرے گا، تو اس پر ایک لاکھ ریال تک کا بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح، غیر مجاز زائرین کو ہوٹلوں یا نجی رہائش گاہوں میں قیام کی سہولت فراہم کرنے والوں پر بھی ایک لاکھ ریال تک جرمانہ لگایا جائے گا۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کو سعودی عرب سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا اور ان پر آئندہ دس سال تک مملکت میں داخلے پر پابندی عائد رہے گی۔ مزید یہ کہ غیر قانونی طریقے سے زائرین کی نقل و حمل میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی ضبط کی جا سکتی ہیں۔

متاثرہ افراد کو فیصلے کے خلاف 30 دن کے اندر اپیل اور 60 دن کے اندر عدالت میں درخواست دائر کرنے کا حق دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ یہ سخت قوانین اور سزائیں یکم ذی القعدہ سے 14 ذو الحجہ تک لاگو رہیں گی، تاکہ حج کے مقدس مناسک کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب