کینیڈا میں نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والے عام انتخابات کی ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ ابتدائی غیر حتمی نتائج کے مطابق لبرل پارٹی کو برتری حاصل ہے۔ پیر کے روز ووٹنگ صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہی، جس میں عوام نے جوش و خروش سے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
ان انتخابات میں لبرل پارٹی کے سربراہ اور موجودہ وزیر اعظم مارک کارنی اور کنزرویٹو پارٹی کے پیئر پولی ایو کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی تھی۔ کینیڈین پارلیمنٹ کے 343 رکنی ایوان میں حکومت سازی کے لیے کسی بھی جماعت کو کم از کم 172 نشستیں حاصل کرنا ضروری ہے۔
اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق، لبرل پارٹی کے 114 امیدوار کامیابی حاصل کر چکے ہیں جب کہ 48 نشستوں پر انہیں سبقت حاصل ہے۔ دوسری طرف کنزرویٹو پارٹی کے 106 امیدوار جیت چکے ہیں اور 43 حلقوں میں آگے ہیں۔ اس کے علاوہ Bloc Québécois کے 19 اور این ڈی پی کے 2 امیدوار بھی اپنی نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
سی بی سی اور سی ٹی وی نیوز سمیت کئی معتبر اداروں نے لبرل پارٹی کی ممکنہ کامیابی کی پیش گوئی کی ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا وہ تنہا اکثریت حاصل کر پائیں گے یا مخلوط حکومت بنانے کی ضرورت پیش آئے گی۔
یہ انتخابات ایک ایسے وقت میں منعقد ہوئے جب کینیڈین عوام مہنگی ہاؤسنگ، 6.7 فیصد بے روزگاری کی شرح، صحت کی ناکافی سہولیات اور امریکہ کی جانب سے عائد کردہ تجارتی محصولات جیسے مسائل پر تشویش کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ اسمبلی میں لبرل پارٹی کے پاس 152، کنزرویٹو کے پاس 120، Bloc Québécois کے پاس 33 اور این ڈی پی کے پاس 24 نشستیں تھیں۔