ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے سابق مایہ ناز کرکٹر کریگ میک ملن نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری سیریز کے دوران اپنی کرکٹ بورڈ کی پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پچز کے حوالے سے دوہرے معیار پر سوال اٹھاتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
ایک انٹرویو کے دوران میک ملن کا کہنا تھا کہ جب پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کا دورہ کرتی ہے تو ایسی پچز تیار کی جاتی ہیں جو انتہائی باؤنسی ہوتی ہیں، جہاں بیٹنگ کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس کے برعکس جب بھارتی ٹیم نیوزی لینڈ کا دورہ کرتی ہے تو بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹیں فراہم کی جاتی ہیں، جس سے بھارتی بلے بازوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔
انہوں نے اس رویے کو غیر منصفانہ اور مایوس کن قرار دیا اور کہا کہ انہیں نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی یہ پالیسی بالکل سمجھ نہیں آتی۔ ان کے مطابق ہر مہمان ٹیم کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہیے تاکہ کھیل کا معیار برقرار رہے اور کسی بھی ٹیم کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
دوسری جانب، پاکستان کرکٹ ٹیم اس دورے میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے۔ 5 ٹی20 میچوں کی سیریز میں کیویز نے 1-4 سے کامیابی حاصل کی، جب کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان نے اس دورے کے دوران صرف ایک ٹی20 میچ میں کامیابی حاصل کی، جبکہ چھ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
کریگ میک ملن کی اس تنقید نے نہ صرف نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے رویے کو تنقید کی زد میں لایا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر پچز کی تیاری کے حوالے سے جاری بحث کو بھی مزید شدت دی ہے۔