جمعرات, جون 5, 2025

حارث رؤف اور عثمان خان کو نیوزی لینڈ میں قیام کرنے کی ہدایت دی گئی۔

پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے فاسٹ بولر حارث رؤف اور وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان کو نیوزی لینڈ میں قیام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہیں قومی ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرلیا۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے آٹھ کھلاڑی وطن واپسی کے لیے روانہ ہوں گے، جبکہ پانچ کھلاڑیوں نے نیپئر میں ٹیم کو جوائن کرلیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز مکمل ہونے کے بعد پاکستانی کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف ولینگٹن سے نیپئر روانہ ہوئے۔ حارث رؤف اور عثمان خان، جو ابتدائی طور پر صرف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ تھے، اب ون ڈے اسکواڈ میں بھی شامل کر لیے گئے ہیں۔

سلمان علی آغا، حارث رؤف، خوشدل شاہ، عرفان خان نیازی، ابرار احمد، سفیان مقیم، محمد علی اور عثمان خان نے نیپئر میں ون ڈے اسکواڈ کو جوائن کیا۔

واضح رہے کہ کپتان محمد رضوان، بابر اعظم سمیت نو کھلاڑی پہلے ہی نیپئر میں موجود ہیں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے باقی آٹھ کھلاڑی نیوزی لینڈ سے براستہ دبئی پاکستان روانہ ہوں گے۔ ان کھلاڑیوں میں شاداب خان، شاہین آفریدی، عمیر بن یوسف، حسن نواز، محمد حارث، عباس آفریدی، عبدالصمد اور جہانداد خان شامل ہیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 29 مارچ سے شروع ہوگی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب