پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی میڈیا کے دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ بھارتی خبروں میں کہا گیا تھا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے دوران پاکستان کو 85 ملین ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا، جس کے باعث پلیئرز کی میچ فیس میں کمی اور مہنگے ہوٹلوں کی سہولیات ختم کرنے جیسے اقدامات کیے گئے۔
پی سی بی کے ترجمان نے ان الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے وضاحت کی کہ بورڈ کو ایسے کسی بھی مالی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے معاوضے کے طور پر تقریباً 6 ملین ڈالر حاصل کرے گا، جبکہ گیٹ منی کی آمدنی کا حساب چند ماہ میں ہونے والے آڈٹ کے بعد سامنے آئے گا۔ اہم اخراجات جیسے ہوٹلز کا کرایہ، سفری ٹکٹ، انعامی رقم اور دیگر انتظامی خرچے مکمل طور پر آئی سی سی کی طرف سے ادا کیے گئے۔
ترجمان نے بھارتی میڈیا پر الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ وہ مفروضوں پر مبنی جھوٹی خبریں گھڑ رہا ہے۔