عام طور پر کرکٹ کو نوجوانوں کا کھیل سمجھا جاتا ہے، لیکن جزائر فاکلینڈ کے کرکٹر اینڈریو براؤنلی نے اس تاثر کو بدل دیا۔ انہوں نے 62 سال کی عمر میں انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ڈیبیو کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی۔
اینڈریو نے 10 مارچ 2025 کو کوسٹا ریکا کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل کر دنیا کو حیران کیا۔ یہ میچ جزائر فاکلینڈ کی ٹیم کا پہلا انٹرنیشنل میچ بھی تھا، جس میں پوری ٹیم کے تمام کھلاڑی 31 سال سے زائد عمر کے تھے، جبکہ بیشتر کی عمریں 40 سال سے زیادہ تھیں۔ خود اینڈریو 62 سال کے تھے، جو کسی بھی انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے دنیا کے معمر ترین مرد کھلاڑی بن گئے۔
اس سے پہلے یہ ریکارڈ ترکیہ کے عثمان گوکر کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں 59 سال کی عمر میں انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا۔ اینڈریو براؤنلی نے کوسٹا ریکا کے خلاف تین میچز کھیلے، جن میں دسویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 1، 2 ناٹ آؤٹ، اور 3 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلیں۔ دوسرے میچ میں انہوں نے ایک اوور میڈیم پیس بولنگ بھی کی۔ اپنے آخری انٹرنیشنل میچ کے دن ان کی عمر 62 سال اور 147 دن تھی۔
اینڈریو کے انٹرنیشنل ڈیبیو نے یہ ثابت کر دیا کہ عمر صرف ایک عدد ہے، اور جذبہ سب کچھ ممکن کر سکتا ہے۔