پاکستانی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 9 وکٹوں سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ سابق کرکٹر احمد شہزاد نے بولرز کی ناقص کارکردگی اور شاداب خان کی ٹیم میں شمولیت پر سوالات اٹھا دیے۔
احمد شہزاد نے کہا کہ قومی ٹیم کے تجربہ کار بولرز کسی بھی موقع پر کیوی بلے بازوں پر دباؤ ڈالنے میں ناکام رہے۔ ان کے مطابق، پوری پاکستانی ٹیم آؤٹ ہوگئی لیکن ہمارے بولرز حریف بیٹرز کے لیے کوئی خطرہ ثابت نہ ہو سکے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط اور تجربہ کار بولنگ اٹیک کے باوجود پاکستان مخالف ٹیم کی وکٹیں حاصل کرنے میں کیوں ناکام رہا؟
احمد شہزاد نے خاص طور پر شاداب خان کی سلیکشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں کس کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شاداب کے ساتھ کوئی خاص منصوبہ رکھتا ہے اور انہیں کسی مخصوص مقصد کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر یکطرفہ مقابلہ جیت لیا، جس پر شائقین کرکٹ بھی مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں۔ قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کرکٹ حلقوں میں بھی شدید بحث جاری ہے۔