کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد ٹیم کو حوصلہ بڑھانے کا مشورہ دیا اور آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی کی امید ظاہر کی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے اعتراف کیا کہ یہ ان کے لیے ایک سخت دن تھا، لیکن ٹیم کو اس ناکامی سے سبق سیکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کی طرح نئی گیند کا بہتر استعمال کرنا چاہیے تاکہ اگلے میچ میں حریف ٹیم کو دباؤ میں لایا جا سکے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے میں 9 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔ کیوی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے اپنی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بولرز نے بہترین کھیل پیش کیا، خاص طور پر کائل جیمیسن اور جیکب ڈفی کی شاندار بولنگ نے ٹیم کے لیے فتح کی راہ ہموار کی۔
میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ کائل جیمیسن کے نام رہا، جنہوں نے اپنی تباہ کن بولنگ سے پاکستانی بلے بازوں کو پریشان کیے رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز ان کے لیے سازگار ثابت ہوئیں، جس کا بھرپور فائدہ اٹھایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جیت ٹیم ورک کا نتیجہ تھی اور جیکب ڈفی کے ساتھ بولنگ کرنا ایک زبردست تجربہ تھا۔
پاکستانی ٹیم کے لیے سیریز میں واپسی کا چیلنج مزید مشکل ہو چکا ہے، تاہم قومی کپتان سلمان علی آغا پرامید ہیں کہ اگلے میچ میں ٹیم بھرپور کم بیک کرے گی۔