اتوار, فروری 9, 2025

پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر، عالمی تعاون ناگزیر: احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون ضروری ہے۔

بریَتھ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا کاربن اخراج عالمی سطح پر ایک فیصد سے بھی کم ہے، اس کے باوجود یہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کا براہِ راست سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دو سال قبل تباہ کن سیلاب نے ملک کے ایک تہائی حصے کو متاثر کیا تھا، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور معیشت پر شدید دباؤ پڑا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی نہ صرف معیشت بلکہ عوام کی صحت پر بھی منفی اثرات ڈال رہی ہے، اور پاکستان تنہا اس جنگ کو نہیں جیت سکتا۔ اس بحران سے نمٹنے کے لیے خطے کے ممالک اور عالمی برادری کو مشترکہ حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔

احسن اقبال نے حکومت کی جانب سے ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کاربن پالیسی اور گرین فنانسنگ پر کام شروع کر دیا ہے۔ حکومت اسموگ اور شہری آلودگی پر قابو پانے، پانی کے ضیاع کو روکنے، اور فصلوں کی باقیات جلانے کے عمل کو محدود کرنے کے لیے متعدد منصوبے بنا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان قابل تجدید توانائی کے ذرائع جیسے سولر، ونڈ اور ہائیڈرو پاور کی جانب منتقلی کو تیز کر رہا ہے، تاکہ گرین انرجی کے ذریعے معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔ احسن اقبال نے عالمی برادری پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ اقدامات کرنے ہوں گے، کیونکہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے جس کا حل اجتماعی کوششوں میں ہی مضمر ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب