جمعرات, فروری 13, 2025

ملالہ یوسفزئی پاکستان پہنچ گئیں۔

نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ پارلیمانی سیکریٹری برائے تعلیم نے ان کا استقبال کیا۔ ملالہ یوسفزئی اس موقع پر لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق ایک اہم کانفرنس میں شرکت کریں گی، جہاں وہ خواتین کی تعلیم کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے بارے میں خطاب کریں گی۔

کانفرنس میں دیگر اہم شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔ کرغزستان کی وزیر تعلیم بھی اس دو روزہ کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ چکی ہیں۔ اس کانفرنس کا انعقاد اسلام آباد میں کیا جا رہا ہے، جہاں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور صوبائی وزرائے تعلیم بھی موجود ہوں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کانفرنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد خواتین کی تعلیم کو فروغ دینا اور ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی تعلیم سے نہ صرف ایک بہتر گھر بلکہ ایک بہتر نسل اور روشن مستقبل کا خواب بھی پورا ہو سکتا ہے۔

یہ کانفرنس “مسلم خواتین کے لیے چیلنجز اور مواقع” کے موضوع پر منعقد کی جا رہی ہے اور اس میں مختلف ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔ تعلیمی میدان میں بہتری کے لیے اس کانفرنس کو ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں خواتین کی تعلیم کو درپیش مسائل پر عالمی سطح پر غور کیا جائے گا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب