جمعرات, فروری 13, 2025

بیرونِ ملک پاکستانیوں نے عمران خان کی اپیل کو رد کر دیا: مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف قائد نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی روایات کو دوبارہ زندہ کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک کو خوشحالی کی نئی راہیں مل رہی ہیں، جو مسلم لیگ ن کی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں نے دسمبر 2024 میں ریکارڈ 3.1 ارب ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیج کر عمران خان کی کال کو مسترد کر دیا ہے۔ یہ رقم پاکستان کے لیے اہمیت رکھتی ہے اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کی بے پناہ محبت اور اعتماد کا غماز ہے۔

مریم اورنگزیب نے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کے آغاز کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے قوم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ملک کے ایوی ایشن سیکٹر کی ترقی کی علامت ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص مزید مستحکم ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور موجودہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ایک سال کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر 2018 کے نالائق اور نااہل حکومتی اراکین کے پہلے سال کا موازنہ شہباز شریف کے پہلے سال سے کیا جائے تو واضح فرق نظر آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو بہتر سمت میں گامزن کر دیا ہے اور عوام کو ان کی قیادت پر اعتماد ہے۔

وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ایک نئی اور مضبوط پوزیشن پر کھڑا ہے، جو ملکی ترقی کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب