اسلام آباد: واپڈا کے جنرل منیجر تنویر مجاہد نے اعلان کیا ہے کہ مختلف منصوبوں کے ذریعے 10,000 میگاواٹ صاف توانائی نیشنل گرڈ میں شامل کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے چوتھی بین الاقوامی ہائیڈرو پاور کانفرنس 2025 کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم سے 4,500 میگاواٹ، مہمند ڈیم سے 800 میگاواٹ، داسو اسٹیج 1 سے 2,150 میگاواٹ، اور تربیلا کے پانچویں ایکسٹینشن منصوبے سے 1,510 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔
کانفرنس میں سینیٹر شیری رحمان، شاہ جہاں مرزا، نعیم قریشی اور دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان میں متبادل توانائی کے ذرائع پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے، خصوصاً شمسی توانائی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے “اڑان پاکستان” پروگرام کو ایک قابل تعریف اقدام قرار دیا۔
ماہرین نے کانفرنس میں بتایا کہ ملک میں ہائیڈرو پاور کا 64,000 میگاواٹ کا پوٹینشل موجود ہے، لیکن اس وقت صرف 11,000 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائیڈرو پاور اور دیگر متبادل توانائی کے ذرائع جیسے ہوا اور شمسی توانائی کا استعمال موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور توانائی کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہے۔
یہ کانفرنس انرجی اپڈیٹ کے زیر اہتمام پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ (PPIB) اور انٹرنیشنل ہائیڈرو پاور ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد کی گئی، جس میں توانائی کے شعبے سے وابستہ عالمی ماہرین اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔