سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین اور دیگر 7 ممالک سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 258 پاکستانیوں کو بے دخل کر دیا گیا ہے۔ ان میں سے 14 افراد پاکستانی پاسپورٹس پر جب کہ 244 ایمرجنسی دستاویزات کے ذریعے ڈی پورٹ کیے گئے۔ مشکوک شناخت رکھنے والے ایک مسافر سمیت 16 ڈی پورٹیز کو کراچی پہنچنے پر گرفتار کیا گیا، جب کہ باقی کو پوچھ گچھ کے بعد رہا کر دیا گیا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق، سعودی عرب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 232 پاکستانیوں کو مختلف پروازوں کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا، جن میں 7 بھکاری شامل تھے۔ اس کے علاوہ، 2 پاکستانیوں کو بغیر پرمٹ حج کرنے کی پاداش میں واپس بھیجا گیا، اور 4 پاکستانی عمرے کے دوران زائد المیاد قیام کرنے کے الزام میں ڈی پورٹ کیے گئے۔ 27 پاکستانیوں کو کفیل کے بغیر ملازمت کرنے پر پکڑا گیا، جب کہ 16 افراد ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد قیام پزیر تھے۔ 112 پاکستانیوں کو کفیلوں کی شکایات پر گرفتار کر کے پاکستان بھیجا گیا، اور 63 پر مختلف نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے۔
متحدہ عرب امارات سے 21 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا، جن میں 4 افراد منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھے۔ چین، قطر، انڈونیشیا، قبرس اور نائجیریا سے بھی ایک ایک پاکستانی کو بے دخل کیا گیا۔ یو اے ای اور نائیجیریا سے ڈی پورٹ ہونے والے 16 افراد کے نام ایف آئی اے امیگریشن کی اسٹاپ لسٹ میں شامل تھے، جنہیں پوچھ گچھ کے بعد رہا کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، مختلف ممالک سے پاکستانیوں کی بے دخلی میں تیزی آئی ہے، جس سے حکام کا کہنا ہے کہ یہ رجحان ملک کی امیگریشن پالیسیوں پر اثر ڈال رہا ہے۔