گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی میں ٹینکر حادثات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی حب کراچی میں بے قابو ٹینکرز موت بانٹتے پھر رہے ہیں، جو لمحہ فکریہ ہے۔
شہید ملت روڈ پر ٹینکر کی ٹکر سے دو افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وہ اس المناک واقعے پر لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے آئی جی سندھ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے حادثات کے تدارک کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹینکر حادثات کے نتیجے میں چار قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ شہید ملت روڈ اور بلدیہ حب ریور روڈ پر واٹر ٹینکرز کی ٹکر سے دو، دو موٹر سائیکل سوار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یہ حادثات نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی بلکہ شہر میں ٹریفک کنٹرول کے نظام کی کمزوری کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اور ان حادثات کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متحرک کیا جائے گا تاکہ آئندہ ایسے دل دہلا دینے والے واقعات سے بچا جا سکے۔
کراچی میں بڑھتے ہوئے حادثات پر شہریوں نے بھی حکام سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ٹینکرز کے ذریعے ہونے والے جانی نقصان کو روکا جا سکے۔