پیر, جون 2, 2025

سورج کا قہر جاری، محکمہ موسمیات کی پنجاب والوں کو وارننگ

لاہور : پنجاب بھر میں گرمی کی شدت نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں، جبکہ محکمہ موسمیات نے موسم کی صورتحال سے متعلق مزید تشویشناک پیشگوئی جاری کر دی ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں دن کے اوقات میں سورج آگ برسا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں موسم مزید خشک اور درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ بارش کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے۔

شہر میں درجہ حرارت کا پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 22 سے 23 ڈگری کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب بھی گھٹ کر 20 فیصد تک محدود ہو چکا ہے، جو جسمانی کمزوری، ڈی ہائیڈریشن اور سانس کی بیماریوں میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے جنوبی اضلاع میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں، جبکہ آنے والے 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔

طبی ماہرین نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ اس شدید گرمی کے دوران بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں، اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ بزرگ شہریوں، بچوں اور سانس کے مریضوں کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ صحت کے مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال میں تبدیلی کا امکان کم ہے، اس لیے شہریوں کو آئندہ چند روز گرمی کی اس شدید لہر کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب