واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے خلاف جاری جنگ کے باعث پہلے ملتوی ہونے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دورہ چین کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ 14 اور 15 مئی کو بیجنگ کا دورہ کریں گے، اور بعد ازاں چینی صدر کو واشنگٹن میں باہمی دورے کے لیے مدعو کریں گے۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکی نمائندگان اس تاریخی دورے کی حتمی تیاری کر رہے ہیں، اور وہ صدر شی جن پنگ کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے بہت پرجوش ہیں، جسے انہوں نے ایک شاندار اور یادگار موقع قرار دیا۔چین کے سفارت خانے نے اس دورے کے اعلان پر کہا کہ ان کے پاس اضافی معلومات موجود نہیں، کیونکہ بیجنگ عام طور پر صدر شی جن پنگ کا شیڈول چند دنوں سے زیادہ پہلے ظاہر نہیں کرتا۔ماہرین کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے اور عالمی سطح پر سیاسی اور اقتصادی اثرات مرتب کرنے کی توقع ہے۔