ٹرمپ اور مسلم ممالک کی مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت

11 گھنٹے قبل
ٹرمپ اور مسلم ممالک کی مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی سخت مخالفت کی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے عہدیدار کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں استحکام اسرائیل کی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے، اور فلسطینی علاقوں میں امن و استحکام خطے میں قیام امن کے امریکی مقصد کے مطابق ہے۔وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں امن قائم رکھنے کے لیے مغربی کنارے کے استحکام کو ضروری سمجھتی ہے۔دوسری جانب برطانوی حکومت نے اسرائیلی کابینہ کے فیصلے کی مذمت کی ہے، جس میں مغربی کنارے پر قبضے کو وسعت دینے کی کوشش کی گئی تھی۔ برطانیہ نے کہا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ یہ فیصلے فوری واپس لے۔ادھر پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو خطرناک اقدامات روکنے پر مجبور کیا جائے۔ مسلم ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کا فلسطینی علاقوں پر کوئی حق خودمختاری نہیں اور یہ اقدامات فلسطینی عوام کی بے دخلی اور غیر قانونی الحاق کی کوششوں کو تیز کر رہے ہیں۔