طرابلس( مانیٹرنگ ڈیسک) لیبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب گئی ہے۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف مائیگریشن کے مطابق حادثے میں 2 بچوں سمیت 55 تارکینِ وطن ہلاک یا لاپتہ ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ 6 فروری کو لیبیا کے ساحلی شہر زوارہ کے شمال میں پیش آیا۔لیبیائی حکام کے مطابق ڈوبنے والی کشتی میں سوار تارکینِ وطن کی تلاش اور بچاؤ کی کارروائی میں صرف نائجیریا سے تعلق رکھنے والی 2 خواتین کو زندہ بچایا جا سکا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک خاتون نے بتایا کہ اس حادثے میں اس کے شوہر کی جان چلی گئی، جبکہ دوسری خاتون نے اپنے 2 بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ زندہ بچ جانے والی خواتین کے مطابق کشتی 5 فروری کی رات تقریباً 11 بجے لیبیا کے شہر الزاویہ سے روانہ ہوئی تھی اور تقریباً 6 گھنٹے بعد پانی بھرنے کے باعث الٹ گئی۔