کولکتہ( سپورٹس ڈیسک)ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے ساتویں میچ میں سکاٹ لینڈ نے اٹلی کے خلاف مضبوط بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت کے لیے 208 رنز کا ہدف مقرر کر دیا۔کولکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈنز میں کھیلے جا رہے اس مقابلے میں اٹلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سکاٹ لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، جہاں سفیان شریف کی جگہ بریڈ ویل کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز اسکور کیے۔ جارج منسی نے شاندار 84 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ برینڈن میک مولن نے 41 اور مائیکل جونز نے 37 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعی اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔اٹلی کی جانب سے علی حسن، گرینٹ سٹیورٹ، تھامس ڈریکا اور جے جے سموتھس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یہ میچ اٹلی کا آئی سی سی کے کسی بھی میگا ایونٹ میں پہلا مقابلہ ہے۔ چار بار کی فٹبال ورلڈ کپ چیمپئن اٹلی نے پہلی بار کرکٹ کے عالمی میگا ایونٹ میں شرکت کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ایونٹ میں آج کا دوسرا میچ عمان اور زمبابوے کے درمیان دوپہر 2:30 بجے کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرے میچ میں کینیڈا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شام 6:30 بجے مدمقابل ہوں گی۔