ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ اور اداکارہ دپیکا پڈوکون کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ کو واٹس ایپ کے ذریعے ایک دھمکی آمیز وائس نوٹ موصول ہوا جس میں بھتے کے طور پر بڑی رقم کا مطالبہ کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق اداکار نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر ممبئی پولیس کو آگاہ کیا، جس کے بعد حکام نے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز پیغام بھیجنے والے نامعلوم شخص کی شناخت کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔بتایا گیا ہے کہ موصول ہونے والے وائس میسج میں ممبئی کے علاقے پرابھادیوی میں واقع بیو مونڈے عمارت کا حوالہ دیا گیا، جہاں رنویر سنگھ کی رہائش گاہ موجود ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عمارت کے باہر مسلح اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ہاؤسنگ کمپلیکس کی جانب سے مقامی پولیس کو بھیجے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ سوسائٹی کی انتظامی کمیٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر چھ مسلح سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک باوردی پولیس افسر کو بھی پرائیویٹ سیکیورٹی ٹیم کے ہمراہ ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے۔ادھر فلمی محاذ پر رنویر سنگھ کی حالیہ فلم دھرندھر 2025 کی نمایاں کامیاب فلموں میں شامل کی جا رہی ہے، جس کے بعد اس کے سیکوئل پر بھی کام شروع ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب دپیکا پڈوکون بیٹی کی پیدائش سے قبل ستمبر 2024 میں فلم سنگھم اگین میں نظر آئی تھیں اور اب وہ شاہ رخ خان کے ساتھ نئی فلم کنگ میں جلوہ گر ہونے کی تیاری کر رہی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے چھان بین کی جا رہی ہے اور سیکیورٹی اقدامات کو صورتحال کے مطابق برقرار رکھا جائے گا۔