انقرہ( شوبز ڈیسک)ترکی میں منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن نے سنسنی پھیلا دی، جہاں معروف اداکارہ ہانڈے ارچل سمیت شوبز، کھیل اور کاروباری شعبوں سے وابستہ کئی نمایاں شخصیات کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق استنبول کے پراسیکیوٹرز کی جانب سے مجموعی طور پر 16 افراد کے خلاف حراستی احکامات جاری کیے گئے، جن میں سابق فٹبال کلب صدور فکریت اورمن اور براق الماس بھی شامل ہیں۔ ان تمام افراد کو استنبول کے انسداد منشیات شعبے نے اپنی تحویل میں لیا۔تحقیقات کے دائرہ کار میں معروف کاروباری شخصیات حاقان سبانشی اور کریم سبانشی، ماڈل دیدم سوئیدان اور ٹی وی میزبان گزیدی دُران کے نام بھی سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہ معاملہ مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے۔حکام کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں بیک وقت 16 مقامات پر چھاپے مارے گئے، جس کے نتیجے میں 14 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر دو افراد کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔استنبول کے چیف سرکاری وکیل کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد معاشرتی اقدار اور خاندانی نظام کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر ان افراد کے خلاف کارروائی کی گئی جن پر منشیات رکھنے یا اس کے استعمال میں سہولت کاری کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور اس کیس کو انتہائی سنجیدگی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ مزید اہم انکشافات بھی متوقع ہیں۔
ترکی میں بڑا کریک ڈاؤن، معروف اداکارہ سمیت اہم شخصیات گرفتار
3 گھنٹے قبل