لاہور( شوبز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور ایک نئے اور منفرد اقدام کے ساتھ خبروں میں آگئی ہے۔ دونوں کو شوبز کی مقبول ترین جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے اور ان کی سادہ شادی اور باہمی ہم آہنگی کو مداحوں کی جانب سے ہمیشہ خوب سراہا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اس جوڑی نے مشترکہ طور پر مِیریج فار لائف کے نام سے ایک نیا پلیٹ فارم متعارف کروایا ہے، جس کا مقصد لوگوں کو بہتر اور موزوں شریک حیات کی تلاش میں مدد فراہم کرنا ہے۔حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور کا کہنا ہے کہ یہ ایک جامع اور ہمہ جہت نظام ہوگا، جہاں رشتہ تلاش کرنے والے افراد کو نہ صرف مواقع میسر آئیں گے بلکہ انہیں مناسب رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بہتر فیصلے کرسکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس خیال کی بنیاد اس وقت پڑی جب مختلف افراد کی جانب سے ان سے اچھے رشتوں کے حوالے سے مشورے اور رہنمائی طلب کی جاتی تھی، جس کے بعد انہوں نے اس تصور کو عملی شکل دینے کا فیصلہ کیا۔یہ نیا اقدام سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور صارفین کی جانب سے اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور کا نیا اقدام، رشتوں کے لیے منفرد پلیٹ فارم متعارف
3 گھنٹے قبل