لاہور( شوبز ڈیسک)پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق نے حالیہ بیان میں ایک سنگین دعویٰ سامنے لا کر نیا تنازع کھڑا کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عماد وسیم کی دوسری اہلیہ اور سماجی رابطوں پر متحرک شخصیت نائلہ راجا ان کے بچوں میں سے ایک کو اپنے پاس رکھنا چاہتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق نے تقریباً چھ برس ازدواجی زندگی گزارنے کے بعد حال ہی میں علیحدگی اختیار کی۔ ذرائع کے مطابق اس وقت ثانیہ اشفاق اپنے تین بچوں کی پرورش خود کر رہی ہیں جبکہ عماد وسیم دوسری شادی کرچکے ہیں۔ثانیہ اشفاق نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں بغیر نام لیے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا گھر اجاڑنے والی خاتون اب ان کے بچوں میں سے ایک کو حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت ایسی خاتون کو اپنے بچوں کی زندگی میں شامل نہیں ہونے دیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گی اور ایسی کسی بھی کوشش کی بھرپور مخالفت کریں گی۔دوسری جانب عماد وسیم اس سے قبل اپنی پہلی شادی کے خاتمے کو زندگی کا ایک مشکل مرحلہ قرار دے چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رشتے سے انہیں سب سے قیمتی نعمت یعنی ان کے بچے ملے، جن سے وہ بے حد محبت کرتے ہیں۔واضح رہے کہ دونوں کی شادی سنہ 2019 میں ہوئی تھی جبکہ دسمبر 2025 میں ان کی علیحدگی کی خبر سامنے آئی تھی، جس کے بعد سے یہ معاملہ توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ کا بڑا الزام، بچوں سے متعلق نیا تنازع کھڑا
3 گھنٹے قبل