کراچی( شوبز ڈیسک) معروف گلوکارہ رابی پیرزادہ کے ساتھ ڈیفنس کے علاقے میں ہراسانی کا واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز ڈیفنس فیز 7 میں پیش آیا، جہاں ایک کار میں سوار شخص نے رابی پیرزادہ اور ان کے ڈرائیور کو ہراساں کیا۔ ڈیفنس سی پولیس کا کہنا ہے کہ گلوکارہ کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے بدتمیزی کے ساتھ ساتھ تشدد بھی کیا، جبکہ مزاحمت پر رابی پیرزادہ کے ڈرائیور کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایف آئی آر میں درج حقائق کے مطابق ملزم کے رویے نے صورتحال کو مزید کشیدہ بنا دیا، جس کے بعد متاثرہ فریق نے پولیس سے رجوع کیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق معاملے کی تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حقائق سامنے لا کر قانون کے مطابق کارروائی مکمل کی جا سکے۔