ایران اور امریکا مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہیں:پاکستان کی پیشکش

3 گھنٹے قبل
ایران اور امریکا مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہیں:پاکستان کی پیشکش

اسلام آباد( پاکستان خبر) پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے لیے ایک اہم سفارتی پیشکش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر دونوں فریق راضی ہوں تو اسلام آباد ہر سطح پر بات چیت کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے اور اگر ایران اور امریکا آمادہ ہوں تو مذاکرات کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز ہوگا۔ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فی الحال پاکستان میں کسی باضابطہ مذاکرات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی، تاہم اصولی طور پر ایسے کسی بھی عمل کی میزبانی کے لیے اسلام آباد تیار ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو میں بھی یہی مؤقف دہرایا۔دوسری جانب ایران نے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایران اور امریکا کے درمیان کوئی مذاکراتی عمل جاری نہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ حالیہ رابطوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان 15 نکات پر مشتمل ایک معاہدہ طے پا چکا ہے، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔قبل ازیں اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ممکنہ طور پر اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے اعلیٰ حکام کی اہم ملاقات ہو سکتی ہے، تاہم کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔ بین الاقوامی ذرائع کے مطابق پاکستان پسِ پردہ سفارتی کوششوں میں سرگرم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں میں سہولت کاری کا کردار ادا کر رہا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔