انسداد دہشت گردی عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت 9 اپریل تک بڑھا دی

3 گھنٹے قبل
انسداد دہشت گردی عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت 9 اپریل تک بڑھا دی

راولپنڈی(پاکستان خبر) انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں ملزمہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 9 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، جس دوران بشریٰ بی بی کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل صفائی نے استدعا کی کہ بشریٰ بی بی کو تمام مقدمات میں شامل تفتیش کیا جائے، کیونکہ پولیس نے ابھی تک انہیں کسی بھی مقدمے میں شامل تفتیش نہیں کیا۔عدالت نے حکم دیا کہ 29 مقدمات میں بشریٰ بی بی کو شوہر اور وکلا کی موجودگی میں شامل تفتیش کیا جائے۔دریں اثنا انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 7 اپریل تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے دوران اڈیالہ جیل اور عدالت کے درمیان ویڈیو لنک سسٹم فعال نہ ہونے کی وجہ سے کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت میں ویڈیو لنک سسٹم فعال کرنے کی ہدایت جاری کی۔سماعت میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور شیریں مزاری بھی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ دیگر ملزمان کی حاضری کا سلسلہ بھی جاری رہا۔