پاکستان انتہا پسندی اور تشدد کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے: صدر، وزیراعظم

11 گھنٹے قبل
پاکستان انتہا پسندی اور تشدد کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے: صدر، وزیراعظم

اسلام آباد( پاکستان خبر) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان امن، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔تشدد پر مبنی انتہا پسندی انسانی وقار کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس کے بنیادی اسباب سے نمٹنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے انسدادِ تشدد کنونشن پر کاربند ہے اور قومی انسدادِ انتہاپسندی پالیسی 2024 فعال روک تھام کی حکمتِ عملی فراہم کرتی ہے۔صدر زرداری نے انتہا پسندی کے خلاف پالیسی کو انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی سے جوڑا اور کہا کہ پائیدار امن تعلیم، مکالمے اور سماجی ہم آہنگی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ مشترکہ ذمہ داری کے تحت تعاون بڑھایا جائے۔صدر نے کہا کہ انسدادِ انتہا پسندی کسی مذہب یا ثقافت کو بدنام نہیں کرے گی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا شدت پسندی کے سدباب کے لیے ضروری ہے۔ خاندان اور برادریاں انتہا پسند بیانیے کے خلاف پہلی دفاعی دیوار ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کہا کہ انتہا پسندی اور تشدد کے نظریات معاشروں کے امن و استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں اور بنیادی انسانی اقدار کو کمزور کرتے ہیں۔پاکستان عالمی دن کے موقع پر یہ عزم دہراتا ہے کہ ہر قسم کی دہشت گردی، نفرت اور تشدد آمیز نظریات کے خلاف جدوجہد پوری قوت سے جاری رہے گی۔