اسلام آباد(کامرس ڈیسک)عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کے بینکنگ سیکٹر کے آؤٹ لک کو مثبت سے تبدیل کرتے ہوئے مستحکم قرار دے دیا ہے، جسے مالی شعبے میں توازن کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔موڈیز کی آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے معاشی حالات میں بتدریج بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں، اگرچہ مجموعی معاشی بحالی کی رفتار اب بھی سست ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 12 سے 18 ماہ کے دوران ملک کے بینکوں کی مجموعی کارکردگی مستحکم رہنے کی توقع ہے۔رپورٹ کے مطابق بلند شرح سود اور کریڈٹ رسک کا دباؤ بدستور برقرار ہے، جبکہ حکومتی مالی مشکلات کو بینکنگ سیکٹر کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے۔موڈیز نے 2026 کے لیے پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا ہے، تاہم بیرونی فنانسنگ، مہنگائی اور پالیسی پر عملدرآمد سے متعلق خدشات اب بھی موجود ہیں، جو مستقبل کے آؤٹ لک پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔