کابل( سپورٹس ڈیسک)افغانستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی کو آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق محمد نبی گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے دوران لیول ون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، جس کے نتیجے میں ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔آئی سی سی کے مطابق یہ خلاف ورزی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.4 سے متعلق ہے، جو انٹرنیشنل میچ کے دوران پلیئرز اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے لیے امپائر کی ہدایات نہ ماننے سے متعلق ہے۔واقعہ افغانستان کی اننگز کے 14ویں اوور کے آغاز میں پیش آیا، جب محمد نبی نے جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر لنگی نگیڈی کی کلائی پر بندھے بینڈ کے حوالے سے امپائر سے بحث کی تھی۔آئی سی سی نے اس کارروائی کے بعد واضح کیا کہ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کرنی ہوگی، ورنہ جرمانے اور ممکنہ سزائیں عائد کی جا سکتی ہیں۔
محمد نبی پر آئی سی سی کی کارروائی، جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی
12 گھنٹے قبل