پشاور ( پاکستان خبر) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت دہشتگردی سے متاثرہ اقلیتی برادری کے انڈومنٹ فنڈ کی سسمنٹ کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں متاثرین کے لیے امدادی پیکج میں نمایاں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں 2013 کے آل سینٹس چرچ کوہاٹی گیٹ پشاور حملے کے متاثرین کو رواں ہفتے مالی معاونت کے چیکس دینے کی ہدایت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے انڈومنٹ فنڈ کی سیڈ منی 200 ملین روپے سے بڑھا کر 400 ملین روپے کرنے کی منظوری دی، جبکہ بیواؤں کے لیے امدادی رقم 10 لاکھ سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے مقرر کی گئی۔اسی طرح یتیموں کے لیے امداد 5 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ، معذور افراد کے لیے 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ اور زخمیوں کے لیے ایک لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے اقلیتی برادری کے لیے محکمہ اوقاف میں علیحدہ ڈائریکٹوریٹ کے قیام اور رہائشی کالونیوں کی بحالی کے لیے ترقیاتی سکیم آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت بھی دی۔ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کا تحفظ اور فلاح حکومت کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے اور ملکی ترقی میں ان کا کردار قابل قدر ہے۔
خیبرپختونخوا: دہشتگردی سے متاثرہ اقلیتی برادری کے لیے امدادی پیکج میں اضافہ
2 گھنٹے قبل