خیبر پختونخوا: سکیورٹی فورسز کی کاروائی میں 13 بھارتی پشت پناہی والے دہشتگرد ہلاک

2 گھنٹے قبل
خیبر پختونخوا: سکیورٹی فورسز کی کاروائی میں 13 بھارتی پشت پناہی والے دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی( پاکستان خبر) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن باڑہ خیبر میں 10 اور بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 3 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ کارروائیوں کے دوران متعدد دہشتگرد ٹھکانے تباہ کیے گئے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ملک بھر میں دہشتگردی کے خلاف ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت کارروائیاں جاری ہیں اور بھارتی سرپرستی والے دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کیا گیا ہے۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قومی عزم غیر متزلزل ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے حکومت پر عزم ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کے انجام پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور قوم کو یقین دلایا کہ دہشتگردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔