کرن جوہر اور کیری میناٹی میں قانونی تنازع، عدالت کا ویڈیو ہٹانے کا حکم

13 گھنٹے قبل
کرن جوہر اور کیری میناٹی میں قانونی تنازع، عدالت کا ویڈیو ہٹانے کا حکم

ممبئی( شوبز ڈیسک)نامور بھارتی فلم ساز کرن جوہر اور معروف یوٹیوبر اجے نگر المعروف کیری میناٹی کے درمیان قانونی تنازع نے سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب کیری میناٹی نے اپنے یوٹیوب چینل پر ’’کافی ود جلن‘‘ کے عنوان سے ایک پیروڈی ویڈیو اپ لوڈ کی، جو کرن جوہر کے مشہور شو ’’کافی ود کرن‘‘ سے متاثر تھی۔ ویڈیو میں بالی وڈ میں اقربا پروری سمیت مختلف موضوعات پر طنزیہ انداز اپنایا گیا تھا۔کرن جوہر کا مؤقف ہے کہ ویڈیو مزاح کی حدود سے آگے بڑھ کر ذاتی حملوں میں تبدیل ہو گئی۔ عدالت میں دائر درخواست میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ ویڈیو میں نازیبا زبان استعمال کی گئی اور ان کے نام کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا، جس سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی۔9 فروری کو ممبئی کی ایک عدالت نے ابتدائی سماعت کے دوران فوری احکامات جاری کیے۔ جج بھوسلے نے ریمارکس دیے کہ بادی النظر میں اجے نگر اور ان کے چینل کے منیجر دیپک چار کی جانب سے توہین آمیز بیانات اور نامناسب زبان استعمال کی گئی۔عدالت نے مذکورہ ویڈیو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ اس نوعیت کے مواد کی اشاعت سے گریز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔