جوا ایپ کیس، عروب جتوئی کا موبائل فرانزک منظور

14 گھنٹے قبل
جوا ایپ کیس، عروب جتوئی کا موبائل فرانزک منظور

لاہور( شوبز ڈیسک)لاہور کی سیشن کورٹ نے جوا ایپ پروموشن سے متعلق کیس میں یوٹیوبر ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کے موبائل فون کا فرانزک معائنہ کرانے کی درخواست منظور کر لی ہے۔ عدالت نے تفتیشی حکام کو اس حوالے سے کارروائی آگے بڑھانے کی اجازت دے دی۔ایڈیشنل سیشن جج منصور علی قریشی نے عروب جتوئی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ ملزمہ اپنے وکلا عثمان ایڈووکیٹ اور آفتاب ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ دورانِ سماعت این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ تحقیقات کو مکمل کرنے کے لیے ملزمہ کا موبائل فرانزک کرانا ضروری ہے، اس لیے عدالت مہلت فراہم کرے۔عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے موبائل فرانزک کی اجازت دے دی۔ ملزمہ کے وکیل نے عدالت سے گزارش کی کہ فرانزک رپورٹ عموماً ایک یا دو ہفتوں میں موصول نہیں ہوتی، لہٰذا آئندہ سماعت رمضان کے بعد مقرر کی جائے۔عدالت نے عروب جتوئی کی عبوری ضمانت میں 24 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ پیشی پر حاضری یقینی بنائی جائے۔ جج منصور قریشی نے واضح کیا کہ عبوری ضمانت کے دوران مزید حاضری معافی نہیں دی جائے گی۔یاد رہے کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے عروب جتوئی کے خلاف جوا ایپ کی تشہیر سے متعلق مقدمہ درج کیا جا چکا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔