لاہور( شوبز ڈیسک)پاکستان کی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر اریکا حق نے نوجوان لڑکیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر قدم رکھتے وقت احتیاط برتیں اور اپنی پرائیویسی کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہرت کے حصول کے لیے ایسے راستے اختیار نہ کیے جائیں جو بعد میں مسائل کا باعث بن سکیں۔ایک انٹرویو میں اریکا حق نے بتایا کہ شہرت کی دوڑ میں بعض لڑکیاں حد سے آگے جا کر اپنی نجی یا متنازع ویڈیوز سامنے لے آتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جوڑی یا کپل ویڈیوز کے ذریعے کئی افراد مشہور ہوئے، لیکن جیسے ہی یہ ٹرینڈ ختم ہوا، کچھ نے دوبارہ توجہ حاصل کرنے کے لیے متنازع طریقے اپنائے۔اریکا حق نے واضح کیا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی حدود کا خیال رکھا اور کبھی اپنی نجی زندگی کو شہرت کے لیے استعمال نہیں کیا۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر کامیابی کے لیے کردار اور وقار برقرار رکھنا ضروری ہے، ورنہ وقتی شہرت بعد میں مسائل پیدا کر سکتی ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا کے منفی پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی، جیسے آن لائن تنقید، ٹرولنگ اور نامناسب تبصرے جو ذہنی دباؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔ اریکا نے اعتراف کیا کہ وہ بھی ایک وقت میں ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار رہیں، لیکن خاندان اور قریبی دوستوں کی مدد سے اس مشکل مرحلے سے باہر نکل آئیں۔