آیوش شرما کو دھمکی آمیز ای میل، ممبئی پولیس نے تفتیش شروع کر دی

12 گھنٹے قبل
آیوش شرما کو دھمکی آمیز ای میل، ممبئی پولیس نے تفتیش شروع کر دی

ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے بہنوئی اور اداکار آیوش شرما کو بھی دیگر فنکاروں کی طرح دھمکی موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد شوبز حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی بہن ارپیتا خان کے شوہر آیوش شرما کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ پیغام لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ فرد کی جانب سے بھیجا گیا ہے۔اس سے ایک روز قبل اداکار رنویر سنگھ کو بھی واٹس ایپ پر وائس میسج کے ذریعے دھمکی دی گئی تھی اور مبینہ طور پر کروڑوں بھارتی روپے بطور بھتہ طلب کیے گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر سیکیورٹی سخت کر دی گئی تھی۔ممبئی کرائم برانچ نے تصدیق کی ہے کہ آیوش شرما کو پروٹون میل کے ذریعے دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔ پولیس نے ای میل بھیجنے والے کا سراغ لگانے اور دھمکی کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا یہ ای میل ملک کے اندر سے بھیجی گئی یا بیرونِ ملک سے۔