کراچی( شوبز ڈیسک)نامور پاکستانی گلوکار حسن جہانگیر نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک بڑے سانحے سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اہلیہ کے انتقال کے بعد ساری زندگی بیٹی کی پرورش کے لیے وقف کر دی۔پاکستان کے معروف گلوکار حسن جہانگیر نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1986 میں کیا اور تقریباً چار دہائیوں بعد بھی وہ موسیقی کی دنیا میں متحرک اور مقبول سمجھے جاتے ہیں۔ وہ ہمیشہ ایک راک اسٹار انداز اور خوش مزاج شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں تاہم انہوں نے اپنی نجی زندگی کو زیادہ تر منظرِ عام پر نہیں آنے دیا۔چند سال قبل ان کی بیٹی کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں جن میں وہ نہایت خوبصورت نظر آ رہی تھیں اور اس موقع پر حسن جہانگیر بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔حال ہی میں وہ ایک نجی ٹی وی چینل کی رمضان نشریات میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے پہلی مرتبہ اپنی ذاتی زندگی کے مشکل دور کا ذکر کیا۔گلوکار نے بتایا کہ ان کی صرف ایک ہی بیٹی ہے جو ان کے لیے سب کچھ ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ تقریباً ستائیس سے اٹھائیس سال پہلے ان کی اہلیہ کا انتقال ہو گیا تھا اور اس وقت ان کی بیٹی بہت کم عمر تھیں۔حسن جہانگیر کے مطابق اہلیہ کے انتقال کے بعد انہوں نے اپنی تمام توجہ بیٹی کی پرورش پر مرکوز کر دی اور دوبارہ شادی نہیں کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب ان کی بیٹی شادی کے بعد سویڈن میں مقیم ہیں اور پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں۔گلوکار نے یہ بھی بتایا کہ ان کی والدہ اور بہنوں نے بیٹی کی پرورش میں ان کا بھرپور ساتھ دیا جبکہ اب ان کی بیٹی خود چاہتی ہیں کہ وہ تنہائی سے بچنے کے لیے دوبارہ شادی کر لیں۔
اہلیہ کا انتقال، حسن جہانگیر نے بیٹی کی خاطر دوبارہ شادی نہ کرنے کا راز بتا دیا
5 گھنٹے قبل