ممبئی کی فضا زہریلی، اداکارہ دیپیکا پڈوکون کا حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ

5 گھنٹے قبل
ممبئی کی فضا زہریلی، اداکارہ دیپیکا پڈوکون کا حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ

 ممبئی( شوبز ڈیسک)بھارت کے شہر ممبئی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی نے شہریوں کی پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ نامور اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے بھی صورتحال پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔جمعرات کی صبح ممبئی کے مختلف علاقوں میں دھند اور آلودگی کی موٹی تہہ چھا گئی جس کے باعث فضا بھاری محسوس ہونے لگی اور شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ دھند نے شہر کے کئی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے حد نگاہ کم ہو گئی اور لوگوں میں صحت کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے۔اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے سوشل میڈیا پر دھند میں ڈوبے شہر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بلدیاتی ادارے اور اس کے محکمہ صحت کو مخاطب کیا اور لکھا کہ یہ شہر اور اس کے بچے گھٹ رہے ہیں، اس مسئلے کا حل کیسے ممکن بنایا جائے گا۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ ممبئی میں فضائی آلودگی کی صورتحال فروری سے مسلسل بگڑ رہی ہے جس کی وجہ سے صحت کے مسائل بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔بھارتی اداکارہ ریچا چڈا نے بھی آلودہ فضا کو انسانوں کی پیدا کردہ تباہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے پر عوام کو مزید آواز بلند کرنی چاہیے۔واضح رہے کہ دیپیکا پڈوکون جلد ہی بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ نئی فلم کنگ میں جلوہ گر ہوں گی جو دسمبر 2026 میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔