کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اور معروف اداکارہ نوشابہ بی بی نے اپنی زندگی کے ایک اہم اور کم عمری کے مرحلے سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی صرف 12 سال کی عمر میں کر دی گئی تھی، جب کہ وہ 14 سال کی عمر میں ماں بن گئی ۔پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ جہان سلطانہ، جو نوشابہ بی بی کے نام سے جانی جاتی ہیں، ماضی میں ڈراموں میں پشتون کرداروں کے باعث خاص پہچان رکھتی ہیں۔ انہوں نے نہ صرف پی ٹی وی بلکہ پشتو ریڈیو میں بھی طویل عرصے تک کام کیا، اور ان کا فنی سفر کئی دہائیوں پر محیط رہا ہے۔سوات سے تعلق رکھنے والی نوشابہ بی بی ہمیشہ ٹی وی اسکرین پر باوقار انداز اور سر ڈھانپے ہوئے نظر آئیں۔ ان کی شائستگی، خوش گفتاری اور سنجیدہ اداکاری نے انہیں مداحوں میں بے حد مقبول بنایا، خاص طور پر خیبر پختونخوا میں ان کی بڑی فین فالوونگ موجود ہے۔حال ہی میں ایک ڈیجیٹل میڈیا چینل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے اپنی کم عمری کی شادی سے متعلق کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں تعلیم یا کیریئر کے لیے کوئی خاص وقت نہیں مل سکا کیونکہ ان کی شادی بہت کم عمر میں ہو گئی تھی، اور اسی دور میں انہوں نے ٹیلی وژن پر کام کا آغاز بھی کر دیا تھا۔نوشابہ بی بی نے بتایا کہ وہ ابھی گڑیوں سے کھیلنے کی عمر میں تھیں کہ اچانک انہیں شادی کا بتایا گیا۔ ایک دن صرف اتنا کہا گیا کہ گھر میں شادی ہے، انہیں لپ اسٹک دی گئی جس پر وہ خوش ہو گئیں، کیونکہ یہ ان کی کمزوری تھی، اور وہ سب کچھ بھول گئیں۔انہوں نے کہا کہ وہ خوشی خوشی سہیلیوں کے درمیان شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، اس عمر میں بچوں کو یہ بھی اندازہ نہیں ہوتا کہ شادی کا اصل مطلب کیا ہے۔ بعد ازاں جب مہمان رخصت ہو گئے تو انہوں نے اپنی بھابھی سے ضد کی کہ انہیں واپس گھر بھیج دیا جائے۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کے شوہر ان کے خالہ زاد تھے اور دونوں کے درمیان عمر کا فرق 23 سال تھا، اس رشتے کے لیے ان کی خالہ نے خاص اصرار کیا تھا۔ نوشابہ بی بی کے مطابق وہ 14 سال کی عمر میں ماں بن گئیں، ان کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔ اگرچہ ان کے والد سخت مزاج تھے، لیکن ان کے شوہر نے ہمیشہ ان کے اداکاری کے کیریئر میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
معروف اداکارہ نوشابہ بی بی کی12سال میں شادی ہو نے کاانکشاف
18 گھنٹے قبل