وا شنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی فوجی دستے ایران اور اس کے اطراف میں اس وقت تک تعینات رہیں گے جب تک تہران معاہدے کی مکمل پاسداری نہیں کرتا۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق صدر نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں پہلے سے کہیں زیادہ سخت ردعمل دیا جائے گا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام امریکی بحری جہاز، فضائیہ کے طیارے اور فوجی اہلکار ایران کے گرد موجود رہیں گے اور اس وقت تک اپنی پوزیشن برقرار رکھیں گے جب تک معاہدے پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو جاتا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی وجہ سے معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی اور جھڑپیں شروع ہوئیں تو ایسا طاقتور حملہ کیا جائے گا جیسا پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا ہوگا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران جوہری ہتھیار تیار نہیں کرے گا اور آبنائے ہرمز تجارتی جہاز رانی کے لیے کھلا اور محفوظ رہے گا۔صدر کا کہنا تھا کہ اس دوران امریکی فوج پوری طرح تیار ہے اور اپنی آئندہ کامیابی کے لیے منتظر ہے۔
ایران کو امریکی وارننگ، خلاف ورزی پر شدید حملے کی دھمکی
5 گھنٹے قبل