لندن( مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی جریدے کی ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان عارضی جنگ بندی سے پہلے امریکا نے پاکستان پر سفارتی دباؤ بڑھایا تاکہ ایران کو جنگ بندی پر راضی کیا جا سکے۔رپورٹ کے مطابق امریکا ایک جانب ایران کے خلاف سخت بیانات دیتا رہا، جبکہ دوسری طرف پس پردہ کشیدگی کم کرنے اور مسئلہ حل کرنے کے لیے سرگرم بھی رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی حکام کئی ہفتوں سے پاکستان کے ساتھ رابطے میں تھے اور اس سے درخواست کر رہے تھے کہ وہ ایران کو مذاکرات کی میز پر لائے، تاکہ خطے میں تناؤ کم ہو سکے اور اہم بحری راستہ دوبارہ کھولا جا سکے۔مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے اس معاملے میں ثالثی کا اہم کردار ادا کرتے ہوئے ایران کو جنگ بندی پر آمادہ کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ پس پردہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں دونوں فریقوں کے درمیان دو ہفتوں کی عارضی جنگ بندی ممکن ہو سکی۔ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ عالمی طاقتیں بظاہر سخت مؤقف اختیار کرنے کے باوجود پس پردہ بات چیت کے ذریعے تنازعات حل کرنے کی کوششیں جاری رکھتی ہیں، اور اس عمل میں پاکستان کا کردار نہایت اہم اور نمایاں رہا۔
امریکا نے جنگ بندی کیلئے پاکستان پر سفارتی دباؤ ڈالا :برطانوی جریدہ
5 گھنٹے قبل